ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ہندوستان میں نیوزی لینڈ کا تاریخی کارنامہ: 91 سال بعد ٹیم انڈیا کو شکت

ہندوستان میں نیوزی لینڈ کا تاریخی کارنامہ: 91 سال بعد ٹیم انڈیا کو شکت

Sun, 03 Nov 2024 17:21:39  SO Admin   S.O. News Service

ممبئی، 3/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی) نیوزی لینڈ نے ہندوستان کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں 3-0 سے کامیابی حاصل کی۔ ممبئی میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میں 25 رنز کی جیت نے نیوزی لینڈ کو سیریز میں مکمل فتح دلائی۔ یہ کامیابی اس لحاظ سے تاریخی ہے کہ پہلی بار کسی ٹیم نے  ہندوستان کو اس کی اپنی سرزمین پر تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کر دیا۔ اس فتح کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ نے ٹیسٹ کرکٹ میں ایک نئی تاریخ رقم کر دی۔

ہندوستان نے اپنی پہلی ہوم ٹیسٹ سیریز 1933-34 میں انگلینڈ کے خلاف کھیلی تھی، جس میں انگلینڈ نے 2-0 سے کامیابی حاصل کی تھی۔ تاہم، اب نیوزی لینڈ نے ٹام لیتھم کی کپتانی میں ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے اور ہندوستان کو تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں 3-0 سے شکست دینے والی پہلی ٹیم بن گئی۔

میچ کے تیسرے دن ہندوستان کو 147 رنز کا چھوٹا ہدف دیا گیا۔ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ٹیم انڈیا مسلسل لڑکھڑاتی رہی۔ ابتدائی وکٹ کپتان روہت شرما کا 13 رنز پر گرا، جس کے بعد وکٹیں گرنے کا سلسلہ رک نہ سکا اور 29 کے اسکور پر ہی ہندوستان کے پانچ کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔ آخر کار، ٹیم انڈیا121 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی اور انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

ہندوستان کی جانب سے رشبھ پنت نے سب سے بڑی اننگز کھیلی اور 9 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 64 رنز بنائے، جبکہ ہندوستانی ٹیم کے آٹھ بلے باز دہرے ہندسے کو بھی نہ چھو سکے۔

میچ کے آغاز میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا انتخاب کیا اور 235 رنز بنائے۔ جواب میں ٹیم انڈیا نے اپنی پہلی اننگز میں 263 رنز اسکور کیے۔ دوسری اننگز میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 174 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور ہندوستان کے لیے 147 رنز کا ہدف مقرر کیا۔ یہاں سے امید تھی کہ ہندوستان فتح حاصل کر لے گا، لیکن بدقسمتی سے ہندوستانی ٹیم 121 رنز پر آل آؤٹ ہو کر مقابلہ ہار گئی۔


Share: